برسبین: مینزٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں شکست دیدی، انگلش ٹیم نے ہدف 14.4 اوور میں حاصل کر لیا۔پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔
انگلش اوپنرز فل سالٹ ایک رن اورایلکس ہیلز 9 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جبکہ بین اسٹوکس نے 36 رنز اور لیام لیونگسٹن 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک 45 اور سیم کرن 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔محمد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں آسٹریلوی شہر برسبین میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بارش کے سبب کچھ دیر کے لیے میچ روکا گیا تھا جس کے بعد میچ 20 کے بجائے 19 اوورز کا کردیا گیا۔
وارم اپ میچ میں اوپننگ شان مسعود اور حیدر علی سے کروائی گئی ،قومی ٹیم نے مقررہ 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
شان مسعود اور محمد وسیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنائے گئے، دونوں نے بالترتیب 39 اور 26 رنز اسکور کیے۔اس کے علاوہ حیدر علی 18، شاداب 14، افتخار احمد 22، خوشدل صفر، آصف علی 14 اور محمد نواز10 رنز بناکر پویلین لوٹے،نسیم شاہ 2 اور حارث رؤف ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 2 جبکہ لیونگ اسٹون، کرس جورڈن ، سیم کورن اور بین اسٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔