تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد جہاں ملک کے دیگر علاقوں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ شروع ہو گیا وہیں راولپنڈی اور اسلام آباد کا داخلی مرکز فیض آباد اور ملحقہ مری روڈ میدان جنگ بن گیا ۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کی خبر نشر ہونے کے کئچھ دیر کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد فیض آباد انٹر چینج، ایکسپریس وے اور مری روڈ پر جمع ہو گئی اور احتجاج شروع کر دیا جس کے بعد مشتعل کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کی سربراہی میں تحریک انصاف کے حامیوں کا ایک جلوس مری روڈ پر نکل آیا جس کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور بعض افسران کو زدوکوب بھی کیا گیا ۔۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی تھی جس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔ پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن آفس کے باہر اور اسلام آباد کے ریڈ زون میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان ھنگامہ آرائی ہوتی رہی۔