ہوبارٹ: ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلےمیں سری لنکا نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ آئرلینڈ نے سری لنکا کو جیت کیلیے 129رنز کا ہدف دیا تھا ۔
آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا۔ آئرش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 128 رنز بناسکی۔
آئرش ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظرآئی، ہیری ٹیکٹر 45 اور پال اسٹرلنگ کے 34 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ اسکور کرنے میں ناکام رہا، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان اینڈی بالبرنی 1، لورکن ٹکر 10، کرٹس کیمفر 2، جارج ڈوکریل 14، گیرتھ ڈیلانی 9، مارک ایڈئیر 0 اور سیمی سنگھ 7 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا اور ونندو ہسارنگا نے 2،2 جب کہ بائینورا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، چمیکا کرونا رتنے اور دھنن جیا دی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا، اوپنر کوشل مینڈس 43 بالز پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ دھننجایا ڈی سلوا اور چارتھ اسالنکا 31، 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔