امریکا کاارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس،واقعہ کی تحقیقات پر زور

واشنگٹن(اُمت نیوز)امریکا نے سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ میں کہا کہ ارشد شریف کے خاندان اور ساتھیوں سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اورکینیا حکومت پر زور دیتے ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ ارشد شریف کے کام سے دنیا واقف تھی، ان کی موت کی مکمل معلومات منظر عام پر ابھی تک نہیں آئیں،امریکا صحافیوں کو بلا خوف کام کرنے کے حق میں اور آزادی صحافت کا حامی ہے۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے سے متعلق امریکا کے دنیا بھر میں مختلف پروگرام چل رہے ہیں،حق آزادی رائے دبانے والی حکومتوں کے خلاف ایکشن بھی لیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے سوال پر نیڈ پرائس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست میں دخل اندازی اور پاکستانی سیاسی نظام اورعدالت کے درمیان کسی تنازع پر بات نہیں کر سکتے۔