ویلنگٹن(امت نیوز) نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمان میں خواتین ارکان کی تعداد مردوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔
لبرل لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن سورایا پیک نے پارلیمان میں حلف اٹھاکر اسپیکر کی جگہ لے لی ہے، جس کے بعد ایوان میں مردوں کے مقابلے میں خواتین ارکان کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
بین الپارلیمانی یونین کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کا شمار اب دنیا کے ان ممالک میں کیا جائے گا جو اس سال اپنے پارلیمان میں 50 فیصد خواتین کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں جن میں کیوبا، میکسیکو، نکاراگوا، روانڈا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بھی ایک خاتون ہیں جب کہ کیوی دیس کی چیف جسٹس اور گورنر جنرل سمیت دیگر اعلی عہدوں پر بھی خواتین اپنے فرائض منصبی انجام دے رہی ہیں۔