اسلام آباد:کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر گئی جس میں عوام کے جم غفیرنے شرکت کی۔ تدفین ایچ الیون اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔
نماز جنازہ خطیب فیصل مسجد پروفیسر ڈاکٹر قاری محمد الیاس نے پڑھائی، سیاسی، سماجی رہنماؤں، صحافی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، اعظم سواتی اور مراد سعید، سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی نمازہ جنازہ میں شریک تھے، ان کے علاوہ صحافتی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
سینئر صحافی ارشد شریف کے جسد خاکی کو آج صبح اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جنہوں نے پھول نچھاورکرکے ان کا استقبال کیا، جبکہ ایک بجے پاکستان کے ترانے اور قومی پرچم کے ساتھ ان کو رخصت کیا۔