کراچی: اورنگی ٹاؤن میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکے میں جھلسنے والے خاندان کا سربراہ اور اس کی اہلیہ اسپتال میں دم توڑ گئے جب کہ دو بیٹوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سیکٹر ساڑھے گیارہ ملت کالونی بلاک جے قبا مسجد کے قریب گھر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والے گھر کے سربراہ 50 سالہ ریاض ولد امیر الدین نے پیر کی شب سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متوفی دھماکے میں 80 فیصد تک جھلس گیا تھا۔ ریاض کے جاں بحق ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد اس کی اہلیہ حسن آرا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی جبکہ 2 بیٹوں 26 سالہ علی رضا اور 16 سالہ انس رضا کی حالت بھی انتہائی تشوشناک بتائی جاتی۔ایک بیٹا اور 2 بیٹیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا کہ گھر کے سربراہ اور 2 بیٹوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ خاتون اس کی 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اہل علاقہ نے بتایا کہ پورا علاقہ گیس لیکج کی وجہ سے بارود کا ڈھیر بنا ہوا ہے اور اس بات کی گزشتہ 3 سال سے شکایت بھی کر رہے ہیں۔ گیس کمپنی کے ملازم ایک مرتبہ آکر نشاندہی کرکے گئے تھے، تاہم اس کے بعد کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔