کراچی: فیڈرل بی ایریا بلاک 6 میں ڈی ایم سی آفس میں قائم غیر ملکیوں کے دفتر میں چینی کمپنی کے ڈیجیٹل لاکر سے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 5 لاکھ 45 ہزار روپے چوری ہوگئے۔
یوسف پلازہ پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر ضلع وسطی کے علاقے میں ہونے والی واردات کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلے میں ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے بتایا کہ گرفتار ملزم چینی کنٹریکٹر کا آفس بوائے ہی نکلا ، جو گزشتہ 3 ماہ سے کام کر رہا تھا اور کمرے کی ایک چابی اس کے پاس جب کہ 2 مزید چابیاں 2 چینی نژاد افراد کے پاس تھیں۔
کمپنی کے زیر استعمال کمرے کے ڈیجیٹل لاکر میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقم رکھی تھی، جس کا پاسورڈ (کوڈ) صرف ایک چینی اہل کار کے پاس تھا ۔ پولیس نے قوی شبہ ہونے پر ملزم محمد محسن ولد محمد اسرار سے تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ دفتر کی ایک چابی اس کے پاس ہے۔ صبح جب وہ صفائی کرنے آیا تو ڈیجیٹل لاکر کھلا ہوا تھا ۔ ملزم نے نہایت ہوشیاری سے 5 لاکھ 45 ہزار روپے نکال کر لاکر بند کردیا اور وہاں سے چلا گیا۔ پولیس نے ملزم محسن کو حراست میں لے لیا ہے ۔