سڈنی سے ایڈیلیڈ روانہ

ٹی 20ورلڈ کپ، پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی سے ایڈیلیڈ روانہ

سڈنی: ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے میں جنوبی افریقا کو شکست دینے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی سے ایڈیلیڈ روانہ ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکت ٹیم کل ایڈیلیڈ میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، ٹریننگ سیشن دوپہر 2 سے 5 بجے تک ایڈیلیڈ اوول میں جاری رہے گا، ٹریننگ سیشن سے قبل قومی اسکواڈ میں شامل ایک رکن دوپہر 1:30 بجے پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کے خلاف 33 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ، سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ کے دوران بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور پھر ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کو 14 اوورز میں 142 رنزکا ہدف ملا۔ تاہم جنوبی افریقی ٹیم 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز  ہی بناسکی۔