ایڈیلیڈ :ٹی20 ورلڈ کپ گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 4 رنز سے شکست دیدی۔آسٹریلیا کے 168 رنز کے جواب میں افغانستان نے 164 رنز بنائے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔
آسٹریلوی بیٹر گلین میکس ویل نے 32 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مچل مارش نے 45، ڈیوڈ وارنر اور اسٹوائنس نے 25 ،25 رنز بنائے۔ گلین میکس ویل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کیمرون گرین 3، مچل مارش 45، اسٹیون سمتھ 4، کپتان میتھیو ویڈ 6، پیٹ کمنز صفر جبکہ کین رچرڈسن ایک رنز بناسکے۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے 3، فضل الحق فاروقی 2 جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنر عثمان غنی جلد وکٹ گنوا بیٹھے تھے انہوں نے 2 رنز بنائے، رحمان اللہ گرباز نے 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ابراہیم زادران اور گلبدین نائب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم گلبدین 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد افغان ٹیم کے 3 کھلاڑی محض 4 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں اسپنر راشد خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔
ابراہیم زادران 36، گلبدین نائب 39، کپتان محمد نبی ایک، نجیب اللہ زادران صفر پر آسٹریلوی بالرز کا شکار بنے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ نے 2،2 جبکہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔