راولپنڈی: پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند ہو گئے، جڑواں شہروں کے درمیان ایمبولینس سروس بھی معطل ہوگئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پرلانگ مارچ کے دوران حملے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کے 5 مختلف مقامات پر مظاہرے جاری ہیں، جس کی وجہ سے جی ٹی روڈ ٹیکسلا، روات، ائیرپورٹ روڈ اور مری روڈ پرٹریفک کا نظام شدید درہم برہم ہوگیا۔
راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ شمس آباد پر پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائرجلاکرنعرے بازی کی۔ احتجاج کے باعث مسافروں اورشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہیں بند ہونے سے جڑواں شہروں کے درمیان ایمبولینس سروس معطل ہوگئی اور مریضوں کواسپتال منتقل کرنے والی متعدد گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنوں نے جی ٹی روڈ رتہ شاہ چوک مارگلہ کو دونوں جانب سے بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا، جس کی وجہ سے ٹریفک اور مقامی آبادی و دکان داروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ شمس آباد سے مری روڈ کو جانے والا راستہ دونوں طرف سے بند کیے جانے کے باعث تعلیمی اداروں سے گھر جانے والے طلبہ شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی مظاہرین نے پیرودھائی میں بھی احتجاج شروع کردیا، اس دوران پیرودھائی کو آئی جے پی روڈ سے ملانے والی شاہراہ پر ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بند کردیا۔