بلدیہ میں تیزرفتارگاڑیوں نے دودھ فروش کو کچل ڈالا،2اہلکار زخمی

کراچی: شہر قائد میں تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے نوجوان دودھ فروش جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک دوسرے واقعے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر 3 کے قریب میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دودھ فروش جاں بحق ہوگیا ، جس کی شناخت 23 سالہ محمد سیف ولد محمد صادق کے نام سے کی گئی ۔

متوفی دودھ فروش اور بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا ۔ حادثے کے وقت دودھ سپلائی کرنے جا رہا تھا ۔ حادثے کا شکار ہونے والی موٹرسائیکل پر دودھ سے بھری بالٹیاں لٹکی ہوئی تھیں۔ موٹرسائیکل گرنے سے  سارا دودھ سڑک پر بہہ گیا ۔

دوسرا واقعہ نارتھ ناظم آباد میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر گشت پر مامور نارتھ ناظم آباد تھانے کے 2 اہل کار زخمی ہوگئے ۔

اصغر علی خان گراؤنڈ بلاک A میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب حادثے کا شکار ہونے والے اہل کاروں کی شناخت کانسٹیبل فرحان ولد سرفراز اور زہیر بلوچ ولد دین محمد بلوچ کے نام سے کی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں اہلکار نارتھ ناظم آباد تھانے میں تعینات ہیں ۔