کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عسکری پارک پر قبضے کے خلاف ڈی جی پارکس کے ایم سی نے سنیئر ڈائریکٹر لینڈ اور لیگل ایڈوائزر کے ایم سی کو خط لکھ دیا ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد پارک کی زمین پر قبضہ کررہے ہیں جن کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر پارکوں پر قبضے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اس بار قبضہ مافیا نے عسکری پارک کا رخ کرلیا ہے جہاں رات کی تاریکی میں پارک کی دیواریں مسمار کرکے یہاں ٹینٹ لگا دیا گیا ، یونیورسٹی روڈ پر قائم کشمیر پارک ( عسکری پارک)
کی زمین پر نامعلوم افراد نے پارک کی انتظامیہ کو اسلحے کے زور پر پارک سے باہر نکال دیا ، انتظامیہ کے باہر نکلتے ہی نامعلوم افراد نے پارک کے احاطے میں کھدائی شروع کی جس کے بعد وہاں کے ایم سی کا عملہ پہنچ گیا اور کھدائی کا کام روک دیا گیا تاہم 9 نومبر سے پارک میں دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش شروع کردی گئی یے جس کے بعد ڈی جی پارکس جنید خان نیازی نے متعلقہ اداروں کو لیٹر جاری کردیا ہے ، لیٹر میں قبضے کی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا ہے کہ 2 فروری 2022 کو یہ پارک کے ایم سی کے حوالے کیا گیا تھا تاہم اب یہاں کوئی اور قبضہ کررہا ہے ، امت کو مذکورہ معاملے پر ڈی جی پارکس جنید خان نیازی نے بتایا کہ نامعلوم افراد کہہ رہے ہیں کہ اس پارک کا کنٹرول ہمارے پاس آگیا ہے جس پر میں نے ان سے کہا ہے کہ مجھے قانونی دستاویزات دیکھا دیں لیکن اب تک کوئی دستاویزات موصول نہیں ہوئے ہیں میں نے اس معاملے پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔