ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل
پوری کوشش ہو گی کہ میچ اتوارکو ہی مکمل ہو جائے۔فائل فوٹو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل۔ آئی سی سی نے قوانین میں تبدیلی کردی

آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان اتوارکو ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کردی ۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کے باعث اب ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کردی اور ریزرو ڈے والے روز یعنی پیرکو میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر4 گھنٹے کردیا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہو گی کہ میچ اتوارکو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں ریزرو ڈے پر مقابلہ پیرکو دن 3 بجے شروع کیا جائے گا۔ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ہرسائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے ،میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوارکے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورزکی تعداد کم کی جائے یا پھراگرمیچ اتوارکے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری کیا جائے۔