کراچی میں میڈیکل داخلہ ٹیسٹ این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل ٹیسٹ جاری ہے ۔پانچ ہزار امیدوار ڈاؤ اوجھا کیمپس اور بارہ ہزار این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ کراچی میں داخلہ ٹیسٹ ڈاؤ یونیورسٹی کے زیرِ انتظام کیا جا رہا ہےْانٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار شریک ہونگے۔ تحریری ٹیسٹ میں امیدواروں کے لیے موبائل فون اور کسی بھی قسم کی الیکٹرانک گھڑی یا ڈیوائس لانا ممنوع ہے۔
سندھ میں ٹیسٹ لینے کی ذمے داری ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے پاس ہے جبکہ پنجاب میں یو ایچ ایس، بلوچستان میں بی ایم سی، کے پی کے میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور اسلام آباد میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے پاس ہے۔
اس حوالے سے پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی) کے صدر ڈاکٹر نوشاد شیخ نے بتایا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ ٹیسٹ دینے کے اہل ہیں جبکہ اس سے قبل 65 فیصد نمبرز حاصل کرنے والا طالب علم داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا اہل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میں میڈیکل کے لیے 55 فیصد اور ڈینٹل کے لیے 45 فیصد نمبر حاصل کرنے والا طالب علم میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے اہل ہوگا، امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 1 گھنٹہ پہلے ٹیسٹ مراکز میں ایڈمٹ کارڈ کے ہمراہ پہنچیں۔
پاکستان میڈیکل کونسل کے صدر ڈاکٹر نوشاد شیخ نے بتایا کہ ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اندرونِ سندھ تحریری ٹیسٹ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو، بلاول اسپورٹس کمپلیکس نواب شاہ اور شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے میڈ یکل اور ڈینٹل کالجوں کی21 ہزار نشستوں پر داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آج ہو رہا ہے جس میں 204253 امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔