عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے۔فائل فوٹو
عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے۔فائل فوٹو

امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی.مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے فائنشل ٹائمزکو انٹرویو پر ردِعمل سامنے آگیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی ،عمران خان کو جواب دینا پڑے گا، جس بیانیہ پہ پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیئے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں، آج عمران سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پر یقین کرنے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جھوٹے، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈد فتنے کی بات سُننے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے، اپنے جھوٹ کیلئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی، عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں، عمران خان نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کے جھوٹے بیانیہ سے دستبردار ہوگئے ہیں، آج نام نہاد "حقیقی آزادی” کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا ، عمران خان نے ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا اور چالیں چلیں۔

ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار کی ہوس میں ملک اور قوم کو داﺅ پرلگا دیا، قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم؟، سپریم کورٹ کو اپیلیں کرتے رہے اور اب امریکی سازش والی بات ختم؟، عمران خان نے اپنے سیاسی مفادات کیلیے ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا ہے۔