ٹریفک روٹ پلان جاری

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کیلئے متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری

ایکسپو سینٹر کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کیلئے ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کردیا۔ چار روزہ عالمی دفاعی نمائش کے دوران راستوں کی بندش کی صورت میں شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، شارع فیصل نرسری سے ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو شاہ سلیمان روڈ آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایئرپورٹ سے ہیوی اور کمرشل ٹریفک ڈرگ روڈ سے نیپا چورنگی جاسکے گی، جب کہ راشد منہاس روڈ سے ملینیم مال ہیوی ٹریفک کو ڈالمیا روڈ آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح نمائش کے دوران سرشاہ سلیمان روڈ کے دونوں ٹریک صبح 7 سے شام 6 تک بند ہوں گے، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے پریشانی سے بچنے کیلئے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں چار روزہ آئیڈیاز 2022 15 سے 18 نومبر تک جاری رہے گی، اس دوران صرف مخصوص اسٹیکرز کی حامل گاڑیاں ہی ایکسپو سینٹر تک جاسکیں گی۔