اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر نے پی سی بی کے کوچنگ اسٹاف سے استعفیٰ دے دیا ہے، عبدالرزاق ڈھائی سال تک پی سی بی کی کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہے۔
سابق آل راؤنڈر نے ایک سال تک خیبرپختونخوا کی کوچنگ کی جب کہ گزشتہ سیزن میں عبدالرزاق کو سینٹرل پنجاب کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم عبدالرزاق تنقید کی زد میں رہے۔
پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں حیدر آباد کی ٹیم کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے والے عبدالرزاق کے خلاف سلیکشن کے معاملے میں کئی اعتراضات اٹھائے گئے تھے جب کہ پی جے ایل میں فرائض کی انجام دہی کے بعد انہوں نے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو دوبارہ جوائن نہیں کیا۔
عبدالرزاق پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم حیدرآباد کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق اور وقار یونس کے استعفیٰ دینے کے بعد عبدالرزاق کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے عبوری بولنگ کوچ بھی مقرر کیا گیا تھا۔
Tags latest news latest urdu news