اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ ایکسرے کے بعد پتا چلا ہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو گھٹنے پر زخم نہیں آیا بلکہ تیزی سے گرنے کی وجہ سے تکلیف ہوئی لہٰذا ان کو دو ہفتہ آرام کی تجویز دی گئی ہے۔
پی سی بی کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق قومی ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل شاہین شاہ آفریدی کا ایکسرے کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ان گھٹنے پر زخم کا کوئی نشان نہیں جبکہ گھٹنے میں تکلیف گیند کیچ کرنے کے سلسلے میں تیزی سے گرنے کے دوران مڑنے کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ایکسرے کا جائزہ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو اور آسٹریلوی گھٹنے کے ماہر ڈاکٹر پیٹر ڈی الیسنڈرو نے لیا۔
کرکٹ بورڈ نے کہا کہ شاہین اب بہتر محسوس کر رہے ہیں اور پُرجوش ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان واپسی کے بعد کچھ دنوں تک نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے گھٹنے کی بحالی کے لیے کنڈیشنگ پروگرام سے گزریں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی بحالی پروگرام کی کامیاب تکمیل اور آگے بڑھنے کے لیے طبی عملے سے مشروط ہوگی۔
Tags latest news latest urdu news