استنبول کی ایک عدالت نے مبلغ اورٹی وی میزبان عدنان اوکطار کو دنیا کی طویل ترین قید کی سزا سنا دی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدنان اوکطارکو جنسی زیادتی، نابالغوں کے ساتھ جنسی زیادتی، دھوکہ دہی اور جاسوسی سمیت دیگر جرائم میں 8 ہزار 658 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ٹی وی میزبان ترکیہ کے آن لائن اے 9 ٹیلی ویژن چینل پر اپنے پروگراموں کی وجہ سے بدنام ہیں اور ملک کے مذہبی رہنماؤں کی طرف سے باقاعدہ ان کی مذمت کی گئی تھی۔
عدنان اوکطار ٹیلی ویژن پروگراموں میں تخلیقی اور قدامت پسند اقدارکی تبلیغ کرتے وقت بھاری میک اپ اور مختصر کپڑوں والی خواتین میں گھرے ہوتے تھے، جنہیں وہ kittens یعنی ’بلی کے بچے‘ کہتے تھے۔
2018 میں ان کے گروپ کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن میں استبول پولیس کے مالی جرائم یونٹ نے تحقیقات کے لیے انہیں حراست میں لیا تھا۔
بعدازاں گذشتہ سال 66 سالہ عدنان کو ان کے جرائم میں 1075 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اوکطار اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمے کا پہلا فیصلہ جنوری 2021 میں سنایا گیا تھا۔
ایک اپیل کورٹ نے قانونی خامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا۔