مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے،فائل فوٹو
 مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے،فائل فوٹو

مظاہرین نے آیت اللہ خمینی کے آبائی گھرکو آگ لگا دی

تہران:ایران میں مظاہرین نے انقلاب کے بانی آیت اللہ خمینی کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔ سوشل میڈیا پرمشتہر ویڈیوزمیں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین آیت اللہ خمینی کے گھرکوآگ لگا رہے ہیں۔

 جمعرات کے روز مشتعل افراد نے خمین شہرمیں واقع انقلابِ ایران کے بانی اور سابق رہبر اعلیٰ روح اللہ خمینی کی پرانی رہائش گاہ جسے اب میوزیم میں تبدیل کیا جا چکا ہے، کو آگ لگادی۔

 مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے، مظاہرین حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے باوجود ایران میں مظاہرے جاری ہیں۔

ایران میں حکومت مخالف احتجاج تیسرے مہینے میں داخل ہوگیا ہے۔ رواں ہفتے ’خونی نومبر2019‘ کی برسی منانے کے لیے سینکڑوں مظاہرین سڑکوں پر نکلے تھے۔ نومبر 2019 میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رواں برس ستمبر میں 22 سالہ ایرانی کرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج شروع ہوا تھا جو دنیا بھر میں پھیل چکا ہے۔