وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات ناقابل فراموش قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی – پرویز الٰہی کے مطابق تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے پر میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعو دی عرب کے شاہ اور ولی عہد سے بات کرنے کی استدعا کی-جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعو دی ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی -جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے-
رائے ونڈ روڈ پر تین رابطہ سڑکوں کا افتتاح کرنے کے بعد پاجیاں چوک پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ طلبہ کو ترجمہ اور ناظرہ قرآن مجید کے فیصلے کا اجر عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کو ملے گا – جو کام ہم نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یا درہے گا،جب سے پاکستان بنا ہے یہ کام نہیں ہوا- وزیر اعلی پرویز الٰہی نے کہا کہ تبلیغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کا چہرہ ہے -بعض لوگوں کی وجہ سے بد قسمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا مثبت تشخص متاثر ہوا-رائے ونڈ کے نام سے بھی محبت ہے -اپنے پہلے دور اقتدار میں رائے ونڈ می 30 ہزار کی گنجائش والی مسجد بنائی، آج بھی دنیا بھر سے جماعتیں وہاں آتی ہیں -چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سب محکمو ں کو رائے ونڈ کے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے -رائے ونڈ کے ترقیاتی منصبو ں کے لئے متعلقہ محکمے آج ہی متحرک ہوں اور مارچ تک تکمیل کا ہدف پورا کریں – رائے ونڈ کے علاقے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پٹرولنگ پوسٹ اور ایمرجنسی امداد کے لئے ریسکیو 1122 مراکز قائم کئے جا رہے ہیں –
انہو ں نے کہا کہ علماء کے مشورے سے نماز جمعہ میں عربی خطبے کے ساتھ ساتھ اردو ترجمہ بھی سنانے کا فیصلہ کر رہے ہیں -نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل نہ ہونے سے دھوکہ دہی کی جاتی تھی- چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رائے ونڈ کا تبلیغی اجتماع پاکستان ہی نہیں بلکہ شاید دنیا بھر میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا تبلیغی اجتماع ہے۔اجتماع میں اہل ایمان اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے آتے ہیں اور فیضیاب ہوتے ہیں۔ تبلیغی اجتماع میں آنے والے شرکاء ہمارے مہمان ہیں، ان کی سہولت اور آسانی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی آسانی کیلئے ہم نے انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور اسے توسیع دینے کافیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے رائے ونڈ کے لئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی-