چاروں صوبوں کو ملانے والی جعفرایکسپریس ساڑھے تین ماہ بعد آج بحال ہوگی

لاہور ( نواز طاہر/نمائندہ امت) بارشوں اور سیلاب کے باعث چاروں صوبوں کو ملانے والی ٹرین  جعفر ایکسپریس تقریباً تین ماہ کے بعد آج بیس نومبراتوارسے اپنی معطل سروس بحال کررہی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ ٹرین پشاور اور مچھ تک چلے گی اور ممکنہ طور پر اگلے ماہ ہیرک پُل کی تکمیل کے بعد کوئٹہ تک اپنا روٹ بحال کرے گی ،

کوئٹہ سے مچھ تک ریل کے مسافروں کو ریلوے انتظامیہ نے ا خصوصی طور پر ٹرانسپورٹ کیا ہے ، ریلوے ذرائع کے مطابق عمومی طور پر اس ٹرین سے کوئٹہ مچھ سیکشن پر مسافروں کی تعداد تقریباً ساڑھے چار سو ہوتی ہے جن کے لئے پینتیس نشستوں والی چودہ کوسٹر گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے، جو سخت حفاظتی انتظامات میں کوئٹہ سے مچھ تک سروس فراہم کریں گی ، ذرائع کے مطابق بیس نومبر کو ٹرین مچھ سے گیارہ بجے دن روانہ ہوگی جہاں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کے دیگرحکام کے ساتھ پہلی ٹرین کو مسافروں سمیت خصوصی دعاﺅں کے ساتھ الوداع کہیں گے اور اگلے روز مچھ پہنچنے والی ٹرین کا خیر مقدم کریں گے ،

کوئٹہ سے مسافر مچھ لانے والی کوچیں پشاور سے جانے والی ٹرین تک وہیں رکیں گی اور اگلے روز گیارہ بجے چلنے والی ٹرین کے مسافروں کو واپس مچھ لائیں گی ۔ ریلوے کی چیف کمرشل مینجیر مریم گیلانی نے امت کو بتایا کہ ہیرک پُل کی بحالی تکاس روٹ پر اضافی ریک (ٹرین) فراہم کیا جائے گا تاکہ ٹرین کسی صورت بھی تاخیر کا شکار نہ ہو، کوئٹہ ریل حکام کے مطابق مچھ سے روانہ ہونے والے پہلی ٹرین مکمل تیاری کے ساتھ مچھ پہنچ چکی ہے ۔ یاد رہے کہ سیلاب کے باعث ہیرک پُل ٹونے کی وجہ سے تئیس اگست کو ریل سروس معطل ہوگئی تھی اور ریل کے ذریعے بلوچستان کا رابطہ ملک کے دوسرے صوبوں سے کٹ گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق پیرک پل بھی ساٹھ فیصد سے زائد مکمل ہوگیا ہے اور این ایل سی حکام دسمبر کے اواخر میں مکمل ہونے میں پُر امید ہیں ۔