کراچی میں بلدیاتی انتخابات15جنوری کو کرانےکا حکم

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد کی ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات 15جنوری 2023 کو کرانے کا حکم جاری کر دیا ہے، ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو سیکیورٹی انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی اورحیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ  کراچی اور حیدر آباد  کی ڈویژنز میں 15جنوری 2023کو الیکشن  ہو گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو ہوں گے،وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار مہیا کریں جب کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ سکیورٹی اہلکار تعینات کریں۔

سندھ ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول دینے کا حکم دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 15 روز میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔