وفاق المدارس کے تحت حفظ قرآن کے ملک گیر مقابلوں کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں حفظ قرآن کریم کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا،ملک بھر سے ہزاروں حفاظ قرآن کریم کی شرکت،ڈویژنل مقابلے آج سے شروع ہوگئے،اگلے مرحلے میں صوبائی اور بعد ازاں قومی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا،صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے  جامعہ دارالعلوم کراچی،ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے اسلام آباد میں اور وفاق المدارس کے دیگر ذمہ داران نے ملک کے دیگر علاقوں اور شہروں میں مقابلوں کے اجتماعات و تقریبات میں شرکت کی اورمقابلوں کے کامیاب اور منظم انعقاد پر مولانا قاری احمد میاں تھانوی اور مسابقہ کمیٹیوں کے ذمہ داران و کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں حفظ قرآن کریم مع تجوید کے قومی سطح کے مقابلوں کا اغاز ہو گیا ہے یہ مقابلے تین مرحلوں میں ہوں گے پہلے مرحلے میں ڈویژنل،دوسرے مرحلے میں صوبائی اور تیسرے مرحلے میں قومی سطح کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں قیمتی انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے-صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کراچی میں جامعہ دارالعلوم کراچی میں،ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ناظم بلوچستان مولانا صلاح الدین ایوبی ویبر رفقاء کے ھمراہ جامعہ محمدیہ اسلام آباد،ناظم سندھ مولانا امداد اللہ یوسف زئی نے مرکزی کمیٹی کے اراکین مولانا عبدالوحید،مفتی خالد محمود،میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی،صوبائی رکن کمیٹی مولانا قاری زبیر احمد کے ہمراہ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن،جامعہ دارالعلوم کراچی،جامعہ سعیدیہ،مولانا قاضی عبدالرشید نے راولپنڈی میں،مولانا حسین احمد نے مولانا سراج الحسن و دیگر کے ھمراہ مدرسہ خالد بن ولید رنگ روڈ پشاور،مرکزی مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے مولانا قاری عثمان آفاق،مولانا عبدالرحمن ہاشمی کے ہمراہ جامعہ بیت النور اور اقراء روضۃ الاطفال لاہور میں مسابقہ کا معائنہ کیا۔اور مقابلوں کا انعقاد کروانے والی کمیٹیوں،مقامی مسؤلین،مدارس کے منتظمین اور مقابلوں کے انعقاد و انتظام میں حصہ لینے والے دیگر کارکنان کی حوصلہ افزائی کی-

ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے جامعہ محمدیہ اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان مقابلوں کو حفاظ کرام کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ اور حفظ قرآن کریم کی طرف رجوع میں اضافے کا باعث قرار دیا- مولانا جالندھری نے کہا کہ ان مقابلوں کے ذریعے ملک بھر میں قرآن کریم سے وابستگی اور محبت کی ایک فضا قائم ہوگی اور عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کے طلبہ کی شرکت اور کامیابی حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حفاظ کرام کی تعداد دنیا بھر سے زیادہ ہے اور یہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے اور سامنے لایا جائے اس سلسلے میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔