کراچی ( اسٹاف رپورٹر)موسمیاتی جنگ کو جیتنے کے لیے عملی کوششوں کی ضرورت ہے،بحران ایک فرد کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے،ڈیمج اینڈ لاس فنڈ تاریخی معاہدہ ہے لیکن اصل مرحلہ عمل درآمد کا پے، ان خیالات کا اظہار مقررین نے این ای ڈی یونی ورسٹی آف
انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، انسٹی آف انجینیرز پاکستان (آئی ای پی)، یونیسکو چیئر فار سسٹینیبل اربن ریجن اور ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ پلاننگ اینڈ ڈیوپلمنٹ بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے دو روزہ عالمی کانفرنس بعنوان "International Conference On Sustainable Engineering and Development Towards Sustainable Built Environment and Communities” میں کیا، جس کے مہمانِ خصوصی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب تھے. جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس کانفرنس کا مقصد موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے متعلق آگہی تھا. کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نجیب ہارون تھے جب کہ انڈونیشن کونسل جزل H. E. Dr june kuncoro نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی. استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس چیئر/ شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور کو چئیر/ چئیرمین آئی ای پی سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر متاثرہ ممالک میں آگہی پہلا قدم ہے. شیخ الجامعہ این ای ڈی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اہداف مقرر کیے، میں سمجھتا ہوں کہ ڈیمج اینڈ لاس فنڈ تاریخی معاہدہ ہے لیکن اصل مرحلہ عمل درآمد ہے. چئیرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نجیب ہارون، کی نوٹ اسپیکر پریکٹس مینجر Christophe Crepin ورلڈ بینک پاکستان اور چیئرپرسن پلاننگ اینڈ ڈیوپلمنٹ بورڈ حکومت سندھ سید حسن نقوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے پیشِ نظر پاکستان کو شدید نقصان کا سامنا رہا ہے، ماحولیاتی بحران ایک فرد کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، اس کے حل کے لیے بیک وقت سب کو کوشش کرنی ہوں گی. اس دو روزہ کانفرنس میں سابقہ گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین، یونیسکو چئیر ہولڈر سسٹنیبل اربن ریجن پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، ایسوسی کانفرنس چئیر انجینئر محمد عباس ساجد، سیکریٹری کانفرنس پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار سانگی، چیف آرگنائزر کانفرنس ڈاکٹر فرخ عارف سمیت مقررین پینل کا حصہ رہے. اس عالمی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کیا. بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کانفرنس اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی کانفرنس کوپ 27 میں ہونے والی پیش رفت ماحولیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام ہے. اُن کا کہنا تھا کہ فنڈ کا اعلان ایسے ممالک کے لیے اُمید افزا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہیں. انہوں نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل سے نظر چرائی نہیں جاسکتی بلکہ اس موسمیاتی جنگ کو جیتنے کے لیے عملی کوششوں کی ضرورت ہے.جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اگلی نسل کو بہتر دنیا دینی ہے تو جن منفی کاموں نے آج یہاں پہنچایا ہے ان سے اجتناب کرنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے معاشرہ بناتے ہیں لہذا ماحولیاتی تبدیلی سے آگاہی کانفرنس کا انعقاد این ای ڈی کا قابل تحسین عمل ہے.