کراچی: شمسی سوسائٹی میں بیوی اور تین بیٹیوں کے قتل کے کیس میں ملزم کے سرمایہ کاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ملزم کی پولیس کو بیان دیتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی جس نے موبائل پر ٹائپ کرکے اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کروایا۔ ملزم تشویشناک حالت میں جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہے، قتل کے بعد ملزم نے خود کُشی کی کوشش کی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق انویسٹرز کا 164 کا بیان لیا جائے گا، ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنے انویسٹرز کو قتل کے بعد کی تصویر بھیجی ہے جبکہ ملزم کے فون سے ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق ملزم کو بیان دینے کے قابل ہونے میں ایک ماہ لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملیر شمسی سوسائٹی میں شوہر نے اپنی اہلیہ اور تین بیٹیوں کو چھری کے وار سے قتل کر دیا تھا۔ ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی وجہ ڈپریشن اور قرض کو قرار دیا۔
ملزم کے مطابق دوسروں سے قرض لے کر اپنا بزنس شروع کیا اور پھر اُس میں نقصان اٹھانا پڑا جس کی وجہ سے قرض کے بوجھ تلے دب گیا تھا۔