تہران: ایران میں اسرائیلی انٹیلی جنس موساد سے تعاون اور اغواء کے جرم پر 4 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق چاروں افراد اسرائیلی انٹیلی جنس سروس کی ہدایات پر چوری چکاری، اغوا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث پائے گئے۔
اس گروہ کے دیگر تین افراد کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے، غیرقانونی اسلحہ رکھنے اور اغوا کی وارداتوں میں معاونت پر 5 سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
گذشتہ اکتوبر میں ایران نے مغربی آذربائیجان میں اسرائیل کے لیے کام کرنے والے 10 ایجنٹوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا کہ یہ لوگ موساد کے افسران سے براہ راست ویڈیو رابطے میں تھے۔ ان ایجنٹوں نے سکیورٹی سروسز سے وابستہ لوگوں کی کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی اور موساد کے افسران کو بھیجی گئی تصاویر کے عوض رقم وصول کی۔