پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کے لئے سفارشات تیار کر لی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی اعلی سطح کی کمیٹی نے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے ۔کمیٹی کا اجلاس سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا تھا جس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل پر تحریک انصاف میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے اور اجلاس میں بھی اس کا اظہار بعض ارکان نے کیا اور اسمبلیاں نہ توڑنے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں محمودالرشید، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، اعجاز چوہدری اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے مشورہ دیا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کیلئےایسا وقت مقرر کیا جائے جب وفاق اور دیگر دو صوبوں میں بھی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
دوسری طرف اسمبلیوں کی تحلیل کی مخالفت کرنے والے رہنماؤں کا یہ بھی موقف تھا کے اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے اربوں روپے کے ٹینڈر ہوچکے ہیں اور کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ،لہذا اس مرحلے پر اسمبلیاں توڑ نا تحریک انصاف کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر حتمی تاریخ کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے اور اس سے پہلے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے ۔