پشاور ( رپورٹ محمد قاسم) افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمتیار پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام, محافظوں کی فائرنگ سے دونوں حملہ آورمارے گئے ، حملے میں حکمتیار کے دو سیکورٹی گارڈز بھی زخمی ہوگئے ۔
حزب اسلامی افغانستان کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ اور گلبدین حکمتیار کے داماد ڈاکٹر غیرت بہیر کے صاحب زادے عبیداللہ بہیر نے امت کو بتایا کہ جمعے نماز سے قبل مسلح افراد نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمتیار کے مرکزی دفتر واقع دارالامان میں گھس کر فائرنگ شروع کردی اوردفتر سے متصل جامع مسجد جہاں پر انجنیئر گلبدین حکمتیار خطبہ جمعہ کی تیاری کررہے تھے ان تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمتیار کے سیکورٹی گارڈز نے فائرنگ کر کے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ۔
عبید اللہ بھیر کے مطابق وہ اس وقت خود اپنے نانا کے پاس موجود تھے اورحکمت یار سمیت حزب اسلامی کے دیگر رہنما محفوظ ہیں ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی افغان سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اب تک کسی گروپ نے واقعے کی زمہ داری قبول نہیں کی ۔ دوسری جانب حزب اسلامی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمتیار محفوظ ہے اور معمول کے مطابق اپنی مصروفیات میں مشغول ہیں ۔