راولپنڈی(اُمت )راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز گیند چمکانے کا نیا طریقہ دریافت کرلیا گیا۔
کرکٹ قوانین میں حال ہی میں گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے جس کے بعد آج انگلینڈ کے بہت ہی سنجیدہ دکھنے والے کھلاڑی جو روٹ نے گیند کو چمکانے کے لیے ایسا طریقہ اپنایا کہ میچ میں کمنٹری کرنے والوں کے علاوہ دیکھنے والے بھی قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔
راولپنڈی میں 72 ویں اوور کے اختتام پر سب کچھ نارمل تھا کہ اس دوران جو روٹ کی جانب سے گیند کو چمکانے کا نیا انداز دیکھ کر سب کی توجہ اسی طرف چلی گئی اور سب ہنس پڑے۔
انگلش بیٹر جو روٹ نے اپنی ہی ٹیم کے اسپن بولر جیک لیچ جو کہ دھوپ سے بچنے کے لیے کیپ پہنے ہوئے تھے ان کی کیپ اتار کر گیند کو ان کے سر پر مختلف جگہوں پر رگڑا تاکہ وہ صاف اور چمک سکے۔
جو روٹ نے اپنا کام مکمل ہونے کے بعد جیک لیچ کو واپس کیپ بھی پہنائی اور آگے چلے گئے۔
اس موقع پر جیک لیچ نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا جبکہ انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی قوانین کے باعث گیند چمکانے کے اس طریقے کو مجبوری سمجھ کر اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
جو روٹ کی اس انوکھی اور دلچسپ حرکت پر کمنٹری باکس میں بیٹھے کمنٹیٹر بھی چپ نہ رہ سکے اور انہوں نے خوب قہقہے لگائے۔
انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے اس دلچسپ انداز کو سوشل میڈیا پر بھی بہت پسند کیا جارہا ہے۔
Tags latest news latest urdu news