آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہفتے کے روز لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی اور ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیا ہے، پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دیں گے، بھارت کبھی اپنےمذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا۔ کسی بھی مس ایڈوینچر کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرے۔
قبل ازیں ایل او سی پہنچنے پر کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔