پنجاب کابینہ میں نئے وزیرکی شمولیت،استعفوں کےفیصلےسے غیراعلانیہ یوٹرن؟

لاہور ( نمائندہ امت) پی ٹی ٓائی کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان  سے غیر اعلانیہ یوٹرن  پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے جس کی ابتداءپنجاب کابینہ میں توسیع سے کی گئی ہے جس میں بدھ کو پی ٹی آئی کے رکن خیال احمد کاسترو کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر صوبے کے دو بڑوں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں سیاسی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا  ۔

ذرائع کے مطابق خوشگوارماحول میں یہ پہلی ملاقات ہے جس میں دونوں آئنی اور انتظامی  سربراہوں نے سیاسی امور پرتفصیلی بات چیت غیر رسمی ماحول میں کی اور گورنر کو ویراعلیٰ کی طرف سے عمران خان سے ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں فی الحال اسمبلی نہ توڑنے کے اصولی فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق گورنر اور وزیراعلیٰ کی ملاقات مستقبل میں پی ڈی ایم کے ساتھ رابطے مزید موثر اور ثمر آور بنائے گی۔