اسلام آباد ( امت نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔اسحاق ڈار سے بھی مذاکرات سے متعلق بات ہوئی ہے۔آرمی چیف کا معاملہ تین سال کےلیے حل ہوگیا۔ اب مہنگائی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر مملکت نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کیلئے الیکشن ہی واحد راستہ ہیں، عمران خان مجھ سے مشورہ کرتے تو انہیں قومی اسمبلی سے نہ نکلنے کا کہتا۔پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوگئی ہے، مارشل لا نہیں لگ سکتا، اسحاق ڈار سے آج بھی ملاقات ہوئی، اسحاق ڈار نے امپورٹ سے متعلق تجاویز پر بات کی، وزیر خزانہ کو توانائی بچانے سے متعلق تجاویز دیں، چاہتا ہوں حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھ کر معاملہ طے کریں، اسحاق ڈار سے کہا بات چیت کریں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہر چیز مہنگی ہوچکی ہے، عوام پس رہے ہیں، ہر وقت ڈیفالٹ، ڈیفالٹ کی باتوں سے پاکستان کو نقصان ہوتا ہے، یقین ہے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اس وقت سیاسی منظر نامے میں پریشانی اور ہیجانی کیفیت ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجاتی ہیں تو بہتر ہوگا فوری عام انتخابات کرا لیے جائیں۔ وزیر آباد حملہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، مجھے ابھی تک وزیرآباد حملے کی کوئی رپورٹ نہیں دی گئی