کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گزشتہ سال کی طرح ایک بار پھر میٹرک اور انٹرکے امتحانات شدید گرمی کے موسم میں منعقد کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس بھی مئی اور جون میں امتحانات لئے گئے، جس میں شدید گرمی اوربد ترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طلبہ اور طالبات کو امتحانات کی تیاری اورپرچے کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، جس میں تعلیمی ماہرین اوراساتذہ نے اس بات پر زور دیا تھا کہ آئندہ مارچ میں لئے جائیں، جب موسم زیادہ گرم نہیں ہوتا، تاہم محکمہ تعلیم سندھ طلبہ وطالبات کی مشکلات کو نظرانداز کرتے ہوئے امتحانات مئی میں لینے کی تیاری کرلی ہے۔
پیر کو سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں منظوری دی گئی کہ سندھ میں آئندہ سال 2023ء میں میٹرک کے امتحانات 8 مئی اور انٹر کے امتحانات 22 سے ہوں گے، جبکہ امتحانی پیٹرن بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں تعلیمی بورڈ ز کے چئیرمین نے بھی شرکت کی۔ سب کمیٹی کے اجلاس کےد وران آئندہ سال امتحانی پیٹرن کی تبدیلی کی بھی منظوری دی تئی۔ نئے پیٹرن کے مطابق، نویں، دسویں، گیارہویںں اور بارہویں کے پرچوں میں 20 ایم سی کیوز اور 40 فیصد مختصر جوابات اور 40 فیصد طویل جوابات ہوں گے۔