اسلام آباد:حکومت نے نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ اور روزگار اسکیموں کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ’پرائم منسٹر یوتھ پروگرام‘ کا آغاز کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے کئی اسکیمیں بحال کی جائیں گی، جن کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، جس میں 15 سے 29 سال تک کی عمر کے 5 کروڑ سے زائد نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت انوویشن ایوارڈز دینے کا منصوبہ بھی ہے۔ شیزہ فاطمہ نے بتایا کہ لیپ ٹاپ اسکیم شہباز شریف نے 2011 میں پنجاب میں شروع کی تھی۔ رواں برس وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کا حصہ دوگنا کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے قرض اپلائی کرسکتے ہیں، جہاں 5 لاکھ تک قرضے بلا سود فراہم کیے جائیں گے جب کہ 15 لاکھ کا قرضہ 5 فیصد شرح سود اور 75 لاکھ تک قرض پر سود کی شرح 7 فیصد ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کریں گے۔