اسلام آباد:متنازع ٹویٹس کیس میں پی ٹی آئی سینیٹر اعظم خان سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست نمٹا دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست نمٹانے کا فیصلہ جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درج مقدمات کی تفصیل کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت وزارت داخلہ کو دیگر صوبوں سے مقدمات کی تفصیل لینے کا حکم جاری نہیں کر سکتی۔
عدالت نے کہا کہ کہ اعظم سواتی کے خلاف کیسز اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر درج ہوئے، لہٰذاپی ٹی آئی سینیٹر سندھ اور بلوچستان میں متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔
اپنے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ صغراں بی بی کیس کے فیصلہ کے تحت ایک واقعہ کی دو ایف آئی آرز درج نہیں ہو سکتیں، البتہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے کوئی میکنزم بنایا جا سکتا ہے۔