فواد چوہدری نے بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کو غیر مستند قرار دے دیا

اسلام آباد (امت نیوز )تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کو غیر مستند قرار دے دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  بشریٰ بی بی کی ملازمین کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا کوئی سر ہے نا پاؤں ۔ مختلف آڈیوز کو جوڑا گیا ہے

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  آج وزیر اعلیٰ کے پی کے سے عمران خان کی گفتگو ہوئی ہے، کل پرویز الٰہی اور محمود خان جلسے میں شریک ہوں گے، کل ہی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ بنانا اور بیرونی دوروں پر بھیجنا حکومت نہیں ، چمن بارڈر کی صورتحال خراب ہے، معاشی بحران میں کوئی بھی دوست ملک ہمارے ساتھ نہیں کھڑا، سفارت خانوں میں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں پی ٹی آئی کو نیچے لانے کے لیے کیا کیا حربے استعمال نہیں کیے جا رہے، ہم اب جس طرح سے آگے بڑھ رہے ہیں ہمیں امید ہے اسمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے سے پاکستان میں استحکام آئے گا، عمران خان نے وکلا سے مشاورت مکمل کر لی ہے، مریم نواز ،حمزہ شہباز کے کیسز کو عدالت میں چیلنج کرنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ اس وقت مفتاح اسماعیل اوراسحاق ڈار کے درمیان تماشا لگا ہوا ہے، یہ نااہل اور ناکام حکومت ہے، بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔