انٹرمیڈیٹ سال دوم کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انجینئرانور علیم خانزادہ نے انٹرمیڈیٹ سال دوم کامرس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

 ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں کامکس کالج کی طالبات نے حاصل کی ہیں۔پہلی پوزیشن کامکس کالج کی لائبہ علی بنت سید محمد علی رول نمبر 927797نے ٹوٹل 1100میں سے 1024نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی، طوبیٰ عمیر بنت محمد عمیر اسلم رول نمبر 927816 نے 1021نمبرز اے ون گریڈ لے کر دوسری پوزیشن جبکہ سیدہ نزل عدنان بنت سید عدنان علی ہاشمی رول نمبر 927808 نے 1019 اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

  ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے مزید بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ میں 44ہزار 114امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 43ہزار 366امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی ان میں سے 26ہزار 151امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 60.30فیصد رہا۔ ناظم امتحانات نے مزید بتایا کہ ان امتحانات میں 976  امیدوار اے ون گریڈ، 2ہزار 648 اے گریڈ، 4ہزار 904 بی گریڈ، 7ہزار 903 سی گریڈ، 8ہزار 661 ڈی گریڈ اور ایک ہزار 59امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردئے گئے ہیں ۔ طلبا اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ایپ بی آئی ای کے ، کے ذریعے بھی معلوم کرسکتےہیں