23دسمبرکوپنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں اگلے جمعے کو توڑنے کا اعلان کردیا

عمران خان نے زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک قوم اور لاہور کے لبرٹی چوک کارکنان سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اُن کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور وزیر اعلیٰ کے پی کے بھی موجود تھے

خطاب میں عمران خان نے کہا کہ الیکشن وقت کی ضرورت ہے کیونکہ سروے بتارہا ہے کہ اس وقت 70 فیصد پاکستانی نئے انتخابات کے خواہش مند ہیں، اس کے لیے ہم نے آزادی مارچ  بھی کیا۔

عمران خان نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، مجھے خوف ہے کہ چوروں کا یہ ٹولہ ملک کو بہت زیادہ تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، آج ملک میں تمام ہی طبقے ملک کی معیشت ڈوبنے کا خطرات سے دوچار ہے، پچاس سالوں میں پہلی بار مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ساڑھے سات لاکھ لوگ ان سات ماہ میں بیرون ملک منتقل ہوگئے، ہر طرف مایوسیوں کے بادل چھائے ہوئے ہیں، جس کی وجہ چوروں کے ٹولے کا حکومت میں ہونا ہے جبکہ ہم نے کورونا جیسے دور میں بھی لوگوں کی مدد کی اور انہیں روزگار فراہم کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں لگائی گئی انڈسٹری آج بند ہورہی ہے، کون ذمہ دار ہے اس رجیم چینج کا اور کیا ضرورت تھی کہ حکومت کو ختم کر کے انہیں اقتدار میں لایا گیا، اس کا جواب کون دے گا

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیسے کی قدر گرے گی تو ان کو فائدہ ہوگا کیونکہ ان کا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے، ان کو پاکستان سے اسی لیے کوئی غرض نہیں ہے