بجلی اور گیس صارفین پرمزیدبوجھ نہ ڈالا جائے،وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی اور گیس کے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالنے کی ہدایت کردی۔۔ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی کے نظام کو بھی مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے

میڈیا رپورٹس کےمطابق وزیراعظم نے توانائی کے شعبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں موجود گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کو کم کیا جائے ۔وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلسل محنت اور مؤثر حکمت عملی سے اب بھی اس مسئلے پر دوبارہ قابو پالیں گے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل اس طرح مکمل کیا جائے کہ گردشی قرضہ بتدریج کم ہو کر بالآخر ختم ہوجائے۔

اجلاس میں توانائی بچت پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ پلان کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس میں صوبائی وزرا اعلیٰ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کے لیے ترسیل کے نظام کو بہتر جائے تاکہ بجلی اور گیس کی چوری اور ضیاع کو روکا جا سکے۔