اسلام آباد: وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے کراچی میں کمرشل زمین 3 روپے ماہانہ لیز پر دینے کا انکشاف ہوا ہے، مسجد والوں کی جانب سے 3 روپے ماہانہ لیز والی زمین تین لاکھ روپے ماہانہ پر کرایہ پر دی ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس نے کراچی میں کمرشل زمینوں کی لیز کے معاملے پر کمیٹی نے رپورٹ مانگ لی،کمیٹی رکن سینیٹر فدامحمداجلاس سے واک آؤٹ کرتے ہوئے کہاکہ وزارت ہاوسنگ میں کرپشن کی بھرمار ہے ،کمیٹی سفارشارت کو اہمیت نہیں دی جاتی،سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کو ہی سارے کام دیے جائیں باقی سارے ادارے بند کر دیے جائیں،سینیٹر بہرہ مند تنگی کے مطابق ایف چودہ اور پندرہ سیکٹرزمیں سات سال میں ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی،آپ کے کیسے لیگل ایڈوائزر ہیں،سینیٹر عبد الغفورحیدری نے کہاکہ عدالتوں میں زیر سماعت عوامی ایشو ز کےمتعلقہ تمام کیسز کا فیصلہ تو جلد از جلد ہونا چاہیے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس پیر کو سینیٹر حاجی ہدایت اللہ کی زیرصدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ اسٹیٹ آفس کی کمرشل اراضی 3 روپے ماہانہ لیز پر دی گئی،532 سکوائر یارڈ زمین کراچی صدر کے علاقےمیں مسجد کو الاٹ کی گئی،سٹیٹ آفس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مسجد والوں کی جانب سے 3 روپے ماہانہ لیز والی زمین تین لاکھ روپے ماہانہ پر کرایہ پر دی ہے،مسجد والوں نے مسجد کا خرچہ چلانے کیلئے یہ زمین آگے پیٹرول پمپ کوکرایہ پردی ہے،مسجد کو99 سال کیلئے زمین کی لیز کی گئی،اراکین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کرایہ انتہائی کم ہے۔اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے مختلف زیر التواء منصوبوں اور معاہدوں پر غور کیا گیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایک بھی منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔اجلاس میں موضع تمہ اور موریا کی لینڈ ایکوزیشن کے تنازعہ کا معاملہ زیر غور آیا ۔ کمیٹی رکن سینیٹر بہرہ مندتنگی نے کہاکہ عام لوگوں کیساتھ زیادتی ہورہی ہے انکو اپنا حق نہیں مل رہا۔ سیکرٹری ہائوسنگ افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ موضع تمہ اور موریاں کے ذمین مالکان سے میٹنگ کی ہے،کچھ حد تک پیش رفت ہوئی ہے،لوگ زمین کے ریٹ بڑھانا چاہتے ہیں،جبکہ ایوارڈ ہونے کے بعد ہم ریٹ بڑھا نہیں سکتے،34 لاکھ ریٹ کا اعلان کیا گیا تھا، اورہم 34 لاکھ روپے کے حساب سے چیک متاثرین کے گھروں میں پہنچانے کیلئے بھی تیار ہیں،سینیٹر فدا محمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں زمین متاثرین کی لیڈیز پر ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، کمیٹی نے وزارت ہائوسنگ حکام کو ہدایت کی کہ موضع تمہ اور موریاں کے ایشوز جلد از جلد حل کیے جائیں،سینیٹر فدا محمد،ڈی جی ہاؤسنگ اتھارٹی اور سیکرٹری ہاؤسنگ مل کر اس معاملے کا حل نکالیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے سیکٹرز F-14 اور F-15 کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے، اس میں زمین کی کل تعداد، اب تک الاٹیوں کی تعداد اور نمبر کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ ایف چودہ پندرہ کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ ڈائریکٹرجنرل نے بتایا کہ ہم نے مقامی لوگوں کی جانب سے زمین کی قیمت بڑھانے اور لینڈ شیئرنگ کا فارمولابھی تسلیم کیا۔