کراچی (امت نیوز)گرین بس، ریڈ لائن اور اورنج لائن کے بعد اب کراچی میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کیاجارہاہے ۔ یہ اعلان صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت الیکٹرک ٹیکسی سروس کی تیکنیکی منظوری آج ایک اجلاس میں دے دی ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ نجی ٹیکسی سروس کے مقابلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس سستی، محفوظ اور آرام دہ ہوگی۔ الیکٹرک ٹیکسی سروس کا کرایہ 2 سو سے 5 سو تک کا ہوگا اور یہ دو فیز میں لارہے ہیں۔ جس میں پنک سروس اور دوسری بلیو سروس شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز پنک ٹیکسی سروس سے ہوگا جو صرف خواتین کے لئے مختص ہوں گی اور سروس کی ڈرائیورز بھی خواتین ہوں گی۔ ٹیکسی سروس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے مانیٹرنگ سسٹم اور کیمرے لگائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی ، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں کامیابی کے بعد رواں ماہ سکھر میں بھی پیپلز بس سروس شروع ہونے جارہی ہے۔
شرجیل میمن نے دعویٰ کیاکہ کراچی کے حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں ، اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کام کر رہی ہے، سندھ حکومت نے بجٹ میں سیف سٹی پروجیکٹ کے لئے 100 فیصد فنڈز مختص کر دیئے اور پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔