کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی بس ڈپو کے لئے 10 ایکڑ زمین الہ دین پارک میں مختص کردی گئی ہے،بس ڈپو مسئلہ حل ہونے سے ایشین ڈیولپمنٹ بنک کے ساتھ معاملات بھی حل ہوجائیں گے۔ سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کراچی میں جلد الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا ، جس کی تیکنیکی منظوری ایک اجلاس میں دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی سروس کے مقابلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس سستی، محفوظ اور آرام دہ ہوگی،الیکٹرک ٹیکسی سروس کا کرایہ 2 سو سے 5 سو تک کا ہوگا اور یہ دو فیز میں لارہے ہیں ، جس میں پنک سروس اور دوسری بلیو سروس شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز پنک ٹیکسی سروس سے ہوگا ۔ جوکہ صرف خواتین کے لئے مختص ہوگی اور سروس کی ڈرائیورز بھی خواتین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسی سروس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے مانیٹرنگ سسٹم اور کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کر رہے ، ہیں ، اورینج لائن کا آغاز کردیا ہے ، اس کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے لیے ریڈزائین کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی کراچی ، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں کامیابی کے بعد رواں ماہ سکھر میں پیپلز بس سروس بھی شروع ہونے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت میں اج بھی ہماری اتحادی ہے، سندھ حکومت کے ساتھ ایم کیو ایم قیادت کی میٹنگز میں وسیم اختر صاحب نے اس طرح کی شکایات نہیں کیں، یہ نہیں پتا کہ اس طرح کی بات لیڈر شپ کی تائید سے کی ہیں یا بلدیاتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ساکھ کو بہتر کرنے اور کارکنوں میں کی گرما گرمی کے لئے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ وسیم اختر کے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائیم کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کام کر رہی ہے۔ سندھ حکومت نے بجیٹ میں سیف سٹی پروجیکٹ کے لئے 100 فیصد فنڈز مختص کر دیئے ہیں، پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر ملک میں رہنے والوں کو دنیا بھر میں بیدخل کیا جاتا ہے ایسا ہی یہاں بھی کیا جانا چاہئے۔غیر قانونی شخص نہ تو قانوناً رہ سکتا ہے نہ زمین خرید سکتا ہے۔،پولیس غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے ، بہت سی گرفتاریاں ہوئی ہیں ، اگر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد اسٹریٹ کرائیم میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور انہیں بے دخل کردیا جائے گا ۔ ٹرانس کراچی کے 22 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام پروجیکٹس بر وقت مکمل ہونے چاہئیں ، تاکہ لاگت میں اضافہ نہ ہو،لاگت میں اضافے کا بوجھ حکومت کے خزانے پر پڑتا ہے۔ صوبائی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے بس ڈپو کی تعمیر کے لیے زمین کا کنٹرول ٹرانس کراچی کے حوالے کیا جائے، جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے بورڈ کو بتایا کہ بس ڈیپو کی تعمیر کے لیے 10 ایکڑ اراضی مختص کردی ہے ، آج ہی ٹرانس کراچی زمین کا کنٹرول سنبھالے ۔ اجلاس میں 21 ویں بورڈز کے اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی اور بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی پروگریس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان ، جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی ، رخسانہ راہوجا ، شمائل سکندر، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال، کمپنی سیکریٹری اقبال لالانی و دیگر نے شرکت کی ۔