لاہور (امت نیوز) سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نےکہاہے کہ نجم سیٹھی کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ نجم سیٹھی نے آئین بدل دیا، چیف سلیکٹر کو بدل دیا رات کو ٹوئٹ کیا رمیز راجہ باہرہو گئے ہیں، پی سی بی میں سیاسی عمل دخل نہیں ہونا چاہئے
سوشل میڈیا پر گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ جب دور آپ کا تین سال کا ہو اور بارہ مہینے بعد آپ کو کہا جائے کہ سائیڈ پر ہو جائیں تو کرکٹ برباد ہی ہوگی، دور پورا ہونے دینا چاہئے ، کرکٹ بورڈ کے پچھلے دروازے سے لوگ اندر آگئے۔ یہ کیا مذاق ہے ہماری کرکٹ کے ساتھ ۔
نجم سیٹھی کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ،رمیز راجہ
رمیز راجہ نے کہا کہ اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا خطرے سے خالی نہیں، ہماری ٹیم کا اسٹرائیک ریٹ بہترین چل رہا ہے اپنے کھلاڑیوں پر ہمیشہ اعتماد ہونا چاہیے، جب کوالٹی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں تو کھیل بہتر ہوتا ہے ہمارے فاسٹ باؤلرز کو فٹنس کے مسائل ہیں بہت زیادہ تبدیلیوں سے کمبی نیشن متاثر نہ ہو جائے۔
رمیز راجہ نےمزید کہا کہ پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی رفتار بہت تیز تھی جسے ہم نہیں پکڑ سکے، ہمارے پاس بد قسمتی سے میچ ونر تین چار ہی ہیں، فرنٹ لائن کے بولرز یک دم سے انجریز کا شکار ہو گئے ہیں، ہماری پچز مری ہوئی ہیں کوشش کی کہ اچھی پچز بنائی جائیں، ہماری پچز محمد عباس کیلئے سازگار نہیں تھیں، محمد عباس اوورسیز کنڈیشنز کے بہترین بولر ہیں، غیر ملکی ٹور میں ان کا نام لازمی شمار ہوگا۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابراعظم کو کپتانی پر کام کرنے کی ضرورت ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بابر کی کپتانی کو پہلی بار جھٹکا لگا، ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کیلئے کھلاڑیوں کو فٹنس پر کام کرنا ہوگا، میرا پلان پی ایس ایل میں شائقین کے لئے سہولیات فراہم کرنا تھا، سٹیڈیم میں کرسیوں کیلئے آرڈرز دیا ہوا تھا، سٹیڈیم میں ہوٹل بنانے کا پلان تھا اسٹیڈیم میں انکلوژرز میں بڑے بڑے جنگلے ہٹانے کا بھی پلان تھا۔