موسم سرما کی بارشیں ، برفباری سے مزید سردی بڑھنےکی پیشگوئی، خشک سردی اور اس سے ہونے والے امراض کا خاتمہ ہوجائے گا،طبی ماہرین
کراچی(امت نیوز)ملک میں تیز بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم داخل ہوگیا۔بلوچستان ،سندھ ،خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے بعد مزید سردی بڑھنےکی پیشگوئی کی گئی ہے
طبی ماہرین کاکہناہے کہ بارشوں کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں جاری خشک سردی کا خاتمہ ہوجائے گا اور اس سےپھیلنےوالی مختلف بیماریوں میں بھی نمایاں کمی آجائے گی
بلوچستان میں موسم سرما کی بارشیں
ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال کا آخری طاقتور ہواؤں کا مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے، جس کے باعث صوبے کے کئی مقامات پر ہلکی و تیز بارشوں اور پہاڑوں پر ژالہ باری اور برف باری کا امکان ہے۔
کوئٹہ، خضدار، زیارت اور آس پاس کے علاقوں میں درمیانی سے تیز برفباری کا امکان ہے، جبکہ ساحلی مقامات پر تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
پہاڑوں پر برفباری کا امکان
انتیس دسمبر سے یہ سسٹم شمالی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کا رخ کرے گا جس کے باعث ان علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر بھاری برفباری کا امکان ہے۔
سسٹم خیبرپختونخوا پہنچنے سےپنجاب کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، ان علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، بھوربن، ٹیکسلا اور دیگر شامل ہیں۔ آنے والے سسٹم سے سندھ کے کچھ بالائی علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، اس سسٹم کے تحت کراچی میں بارش کے امکانات 20 سے 30 فیصد ہیں۔
طبی ماہرین کاکہناہے کہ بارشوں کے باعث خشک سردی اور اس سے ہونے والے امراض کا خاتمہ ہوجائے گا