کراچی کےطالبعلم نےانٹربورڈ کےپیپر میں گانا لکھ دیا

کراچی(امت نیوز)کراچی میں تعلیم کے گرتے معیار کے ساتھ طالب علموں کی بھی حصول علم میں دلچسی کم ہوگئی ۔۔انٹرمیڈیٹ کے فزکس کے پرچے میں طالب علم نے سوال کے جواب میں گلوکار علی ظفر کا گانا لکھ دیا ۔ جس پر علی ظفر بھی طالب علم کو سمجھانےپر مجبور ہوگئے

طالب علم کے پرچے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔۔یہ ویڈیو پیپرز چیک کرنے والے ٹیچر کی جانب سے ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔

وائرل ویڈیو میں امتحان کی کاپی چیک کرنے والے ٹیچر نے بتایا کہ وہ اس وقت کراچی کے فرسٹ ایئر کے طالبِ علم کے فزکس کے پیپرز چیک کر رہے ہیں۔

اس دوران اُن کے پاس ایسی کاپی آئی ہے جس میں باقاعدہ طور پر گلوکار علی ظفر کا مشہور گانا ’جھوم جھوم‘ لکھا ہوا ہے۔

پیپرز چیک کرنے والے استاد نے طالب علم کی اس حرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کاپی میں طالبِ علم کی جانب سے لکھے گئے گانے اور مختلف جملے پڑھ کر بھی سنائے۔

علی ظفر کو واٹس ایپ پر یہ وائرل ویڈیو موصول ہوئی تو انہوں نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک پیغام لکھا جس میں بچے کو پڑھائی میں دل لگانے کی ہدایت کی۔

علی ظفر نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وائرل ویڈیو واٹس ایپ پر موصول ہوئی، میری طالب علموں سے التجا ہے کہ میرے گیتوں میں فزکس نہ تلاش کریں اگرچہ دیکھا جائے تو فزکس تو اس گانے کے اشعار سمیت ہر جگہ ہی موجود ہے، لیکن پھر پڑھائی کے وقت پڑھائی اور اساتذہ کا احترام کریں‘۔