ایئرپورٹس پر دھند

ایئرپورٹس پر دھند کا راج ،2درجن سے زائد پروازیں منسوخ

شدید دھند کے باعث 48 گھنٹوں میں 18 غیر ملکی اور 10 سے زائد ملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، فضائی کمپنیوں کا فلائٹ آپریشن بیٹھنے لگا

 

کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر ) ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر دھند کے باعث 48 گھنٹوں کے دوران 18 غیر ملکی اور 10 سے زائد ملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ درجنوں پروازیں 12 سے 24 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں ۔ پروازوں کی تاخیر اور طیاروں کے پھنس جانے سے فضائی کمپنیوں کا فلائٹ آپریشن بیٹھنے لگا ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن کے بجائے موسم کی صورت حال کے پیش نظر پروازوں کی منسوخی کی اطلاعات جاری کرنے لگی ۔

ایئرپورٹس پر دھند ۔ 24 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ

اہم ذرائع نے بتایا کہ 48 گھنٹوں کے دوران دو درجن سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جبکہ درجنوں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں ، منگل کے روز13 بین الاقوامی جبکہ 8 ملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں جن میں جدہ،ابو ظہبی ، مسقط ،دبئی، شارجہ ، بینک کاک ، بغداد سے آنے والی پروازیں شامل ہیں ، اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے والی 6 ملکی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جن میں ملتان ، بہاولپور ، گوادر، فیصل آباد ، سوئی اور لاہور سے آنے والی پروازیں شامل ہیں ، وہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کراچی اور استنبول سے آنے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں

جدہ سے لاہور پہنچنے والی پرواز پی کے 740  گیارہ گھنٹے تاخیر کا شکار،دبئی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 204 ایک دن ،مسقط سے لاہور پہنچنے والی پرواز 4 گھنٹے ،ابو ظہبی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 264 تین گھنٹے ،کراچی سے لاہور جانے والی پرواز 4 گھنٹے  اورباکو سے لاہور جانے والی پرواز 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابو ظہبی اور اسکردو سے پہنچنے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں ، جدہ سے اسلام آباد پہنچنے والی پرواز پی کے 741 سولا گھنٹے تاخیر کا شکارہوئی ، اسی طرح جدہ سے اسلام آباد پہنچنے والی پرواز پی کے 841 چارگھنٹے،گلگت سے اسلام آباد پہنچنے والی پرواز پی کے 601 دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ، وہاں ہشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی سے پشاور ایئرپورٹ پہنچنے والی پرواز منسوخ کردی گئی ،جدہ سے پشاور ایئرپورٹ پہنچنے والی پرواز پی کے 735 بارہ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ جدہ سے ملتان ایئرپورٹ پہنچنے والی پرواز منسوخ کردی گئی ، وہاں فیصل آباد ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز دو گھنٹے تاخیر سے پہنچی ۔

قبل ازیں منگل کے روز بھی دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر رہا ، کویت سے کراچی پہنچنے والی پرواز 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ، اسی طرح کوئٹہ سے کراچی پہنچنے والی پرواز 30 منٹ تاخیر کا شکار ہونے کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی ، اسی کے ساتھ لاہور سے کراچی پہنچنے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیرکے بعد پہنچی ، یہاں مدینہ سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 9744 اور ملتان سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 331 منسوخ کر دی گئی۔جدہ سے کراچی پہنچنے والی پرواز پی کے 372 ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی ، پی آئی اے کی کوئٹہ سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 323 پینتالیس منٹ تاخیر کا شکار ہوئی ، وہاں ابو ظہبی سے شام کو لاہور آنے والی پرواز کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا

اسی طرح دبئی سے فیصل آباد پہنچنے والی پرواز 3 گھنٹے ،شارجہ سے فیصل آباد پہنچنے والی پرواز 2 گھنٹے ،دبئی سے ملتان پہنچنے والی دونوں پروازیں 4 گھنٹے تاخیر کا شکار،دبئی سے ملتان پہنچنے والی پرواز پی اے 811 تین گھنٹے  جبکہ جدہ سے ملتان پہنچنے والی پرواز پی اے 871 بھی تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ۔

ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دھند کے پیش نظر ہوائی اڈوں کی اپگریڈیشن نہیں کی ہے جس کی وجہ سے پروازوں کی منسوخی اور تاخیر مسئلہ پیدا ہوا ہے ، دوسری جانب سی اے اے کے ترجمان کی جانب سے موسم کی خرابی سے متعلق پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کی اطلاعات پر مبنی مؤقف یومیہ بنیادوں پر جاری کیئے جارہے ہیں

ترجمان سی اے اے کے مطابق لاہورایئرپورٹ پرحد نگاہ 2300  میٹر اور کمی کا رجحان ہے جس کی وجہ سے رات دس بجے تک ناقص حد نگاہ کا انتباہ  ہے ، دھند کے باعث  دبئی سے  پی کے 204 کی آمد آج صبح 4:10 بجے تک تاخیر سے آئے گی ،جدہ سے  پی کے 740 کی آمد آج صبح 5:10 بجے تک تاخیر سے پہنچے گی جبکہ یہاں سےکوئی پرواز منسوخ یا ڈائیورٹ نہیں کی گئیں۔ ملتان ایئرپورٹ پرحد نگاہ 2000 میٹر اور کمی کا رحجان ہے ،وہاں رات ساڑھے گیارہ بجے تک ناقص حد نگاہ کی انتباہ ہے اور تاخیر کا شکار پروازوں میں  ایئر بلیو کی پرواز پی اے 871/812جدہ-ملتان-شارجہ، پی اے 813 شارجہ۔ملتان کی آمد آج دوپہر ایک بجے تک تاخیر کا شکار ہے ۔

منسوخ پروازوں سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی جدہ –ملتان –جدہ پرواز منسوخ کی گئی ہے ۔ فیصل آباد ایئرپورٹ سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ وہاں حد نگاہ 4000 میٹر ہے اور تمام شیڈولڈ فلائیٹس آپریٹ ہوئیں۔ رات میں کوئی فلائیٹ آپریشن نہیں۔ترجمان سی اے اے نے  مسافروں سےکہا ہے کہ وہ  ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کریں۔ www.caapakistan.com.pk پر بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں