موسم سرما کی بارشیں

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں موسم سرما کی بارشیں شروع

کوئٹہ (اُمت نیوز)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ممکنہ بارشوں اور موسم سرما کی صورتحال کے پیش نے صوبے  میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بدھ کی رات سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا، مستونگ، قلات، تربت اور مکران کے دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
صوبے کے شمالی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔ زیارت، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ کے مختلف مقامات پر کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ان علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

موسم سرما کی بارشیں، بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ

بلوچستان میں ممکنہ موسم سرما کی بارشیں اور موسم سرما کی صورت حال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کیلیے ایمرجنسی نافذ کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیر برائے پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے متحرک ہوگئی جس کے بعد ریسکیو فورس، معاون اسٹاف ، آفیسران کو دفاتر میں رہنے کا حکم جاری کردیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر نے اپنے بیان میں کہا کہ غفلت کی گنجائش نہیں، مشکل صورتحال میں عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے مخصوص مقامات پر پہلے سے عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی جاچکی ہے۔

 

ڈائریکٹر جنرل نے پی ڈی ایم اے کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی اوقات بھی بڑھا دیے جبکہ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کے باعث غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے نمبروں پر رابطہ کریں۔