کراچی:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کراچی میں کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم میچ کم روشی کے باعث ڈرا کیا گیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 61رنز بنا لیے تھے۔
پاکستان نے 311 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 138 رنز کا ہدف ملا، پانچویں دن 15 اوورز کا کھیل باقی تھا، نیوز لینڈ کو انہی 15 اوورز میں جیت حاصل کرنے کے لئے 138 رنز بنانے تھے۔
138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن ہدف کو حاصل نہ کر سکے، مہمان ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 61 رنز بنا لیے تھے تاہم کم روشنی کے باعث امپائرز کی مشاورت اور دونوں ٹیموں کی رضا مندی سے میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔
میچ کے پانچویں روز جب پاکستانی ٹیم میدان میں اتری جلد ہی دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تاہم بعد میں سرفراز احمد اور امام الحق نے 81 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
اوپنر عبداللہ شفیق 17، شان مسعود 10، نعمان علی 4، کپتان بابراعظم 14، سرفراز احمد 53، آغا سلمان 6 اور محمد وسیم جونیئر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نوجوان بیٹر سعود شکیل 55 اور میر حمزہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ادھر مہمان ٹیم کی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے 6 جبکہ مچل پریسول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔